منگلورو 7؍جولائی (ایس او نیوز)عام طور پر انسان ان شہروں کو پسند کرتا ہے جہاں اسے جینے کے لئے بنیا دی سہولتیں آسانی سے دستیاب ہوں۔ آرام و آسائش کے ذرائع حاصل ہوں اور زندگی کے لمحات کو بہتر سے بہتر طریقے پر گزارا جاسکے۔انہی زاویوں سے لئے گئے ایک سروے کے مطابق منگلورو شہر دنیا کے ایسے 189شہروں کی فہرست میں 7ویں نمبر پر آگیا ہے جہاں شہری زندگی کے لئے لوازمات اور سہولتیں آسانی سے دستیا ب ہیں۔
حالانکہ عام طور پر ممبئی ، چینئی، اور بنگلورو، پونے وغیرہ کو ہندوستان کے بہتر شہروں میں شمار کیا جاتا ہے، لیکن منگلورو نے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ Numbeoنامی ادارے کی طرف سے عالمی سطح پر کیے گئے مطالعے اور جائزے کے نتیجے میں ویلنگٹن(نیوزی لینڈ) 208.63 پوائنٹس کے ساتھ اول مقام پر ہے۔ جبکہ دوسرے مقام پر کینبیرا (آسٹریلیا)، تیسرے مقام پر ریالی این سی (امریکہ)، چوتھے مقام پر آئنڈھووین (نیدرلینڈ)، پانچویں مقام پر ایڈنبرو (یو کے)، چھٹے نمبر پر میونخ (جرمنی) ٹھہرے ہیں۔ 185.12پوائنٹس کے ساتھ 7ویں مقام پر منگلورو کا نام آتا ہے۔
اس جائزے کے لئے جن نکات پر غور کیا گیا اور نشانات طے کیے گئے اس میں معیار زندگیquality of life، قوت خریدpurchasing power، تحفظsafety، حفظ صحت health care ، زندگی گزارنے کی قیمتcost of living،آمدنی کے تناسب سے پراپرٹی کی قیمت،ٹریفک میں صرف ہونے والا وقت، ماحولیاتی آلودگی pollution اور موسم climateشامل ہے۔
اسی ادارے Numbeoنے اس سے قبل ایک سروے کے دوران منگلورو کو ہیلتھ کیئر کے زمرے میں12ویں مقام پر رکھاتھا جبکہ تازہ سروے میں اس زمرے میں منگلورو کو9واں مقام دیا ہے۔جہاں تک سیفٹی یا تحفظ کا معاملہ ہے اس میں دنیا کے189 شہروں میں منگلوروکو22واں مقام دیا گیا ہے، جبکہ یواے ای کے ابوظہبی کو سب سے محفوظ شہر ہونے کا درجہ ملا ہے۔ہندوستان کے سب سے غیر محفوظ شہروں میں دہلی اورگڈگاؤں نام آتا ہے۔
اس سروے میں معیار زندگی کے اعتبار سے ہندوستان کے 5پانچ بہترین شہر ہونے کا درجہ جن شہروں کو ملا ہے اس میں سے 4شہرمنگلورو،بنگلورو، حیدر آباد، اورکوئمبتورجنوبی ہند میں واقع ہیں۔ جبکہ پانچواں مقام مہاراشٹر ا کے پونے شہرکودیا گیا ہے۔ماحولیاتی آلودگی کے زاویے سے منگلورو کوملک میں سب سے کم آلودگی والے شہر کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ عالمی سطح پر ا س زمرے میں اس کا نمبر25ہے۔